اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شھداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے ’’لبیک یا زینب (س)‘‘ لانگ مارچ کے سلسلے میں ضلع خیر پور، نو شیرو فیروز، دادو اور لاڑکانہ کا دورہ کیا، اس موقع پر نصیر آباد اور رتو دیرو میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سندھ اور بلوچستان میں جاری دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردی کے اڈوں اور سہولت کاروں کے خلاف بھرپور فوجی آپریشن کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز حکومت دہشت گردوں کی حامی حکومت ہے، جو نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ میں رکاوٹ ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کو مس یوز کرکے نواز حکومت نے دہشت گردوں کو تحفظ دیا جبکہ زائرین سے این او سی طلب کرنا غیر آئینی اقدام ہے۔ وارثان شھداء کمیٹی سمیت پوری قوم لانگ مارچ اور احتجاجی تحریک کے ذریعے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169